کراچی: (دنیا نیوز) چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی نااہل حکومت نے سندھ میں پانی کا بحران پیدا کر دیا، بلاول بھٹو زرداری نے چشمہ جہلم لنک کینال کو فی الفور بند کرنے کا مطالبہ کر دیا۔
بلاول بھٹو زرداری نے سندھ میں پانی کی قلت کے حوالے سے بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ سندھ میں پانی کی قلت کا یہ عالم ہے کہ گڈو بیراج سے پانی کی ترسیل بند ہوچکی ہے، پانی کی ترسیل میں من مانیاں نہیں چلیں گی، سکھر بیراج میں 27 فیصد، کوٹری بیراج میں پانی کی 44 فیصد تک کمی ہوچکی ہے، عمران خان نے سندھ کے زیریں علاقوں کو پیاس کا صحرا بنادیا۔
انہوں نے کہا کہ سندھ کے حصے کا پانی روک کر پی ٹی آئی حکومت اہلیان کراچی کو سزا دینا بند کرے، اگر سندھ کے زیریں علاقوں میں پانی کی قلت کے بحران کو دور نہیں کیا گیا تو قحط جیسی صورت حال پیدا ہوسکتی ہے، اگر ہنگامی بنیادوں پر پانی کا بحران حل نہ کیا گیا تو فصلوں کی بوائی نہیں ہوسکے گی اور غذائی بحران کے ساتھ ایک نیا المیہ پیدا ہوجائے گا۔