لاہور: (دنیا نیوز) لاہور ماڈل ٹاون کچہری عدالت نے ریاست مخالف بیانات کے مقدمے میں گرفتار لیگی رہنما جاوید لطیف سے تفتیش مکمل کرنے کے لیے ان کے جسمانی ریمانڈ میں تین روز کی توسیع کر دی۔
ماڈل ٹاؤن کچہری کے جوڈیشل مجسٹریٹ صابر حسین ڈاہر نے جاوید لطیف کی جانب سے ریاست مخالف بیانات کے مقدمے پر سماعت کی۔ پولیس نے جسمانی ریمانڈ ختم ہونے پر لیگی رہنما کو عدالت پیش کیا اور تفتیش رپورٹ جمع کرائی، جس میں بتایا گیا کہ دوران تفتیش ملزم نے انکشاف کیا کہ اس نے دیگر لوگوں کے ساتھ مل کر سازش کی، تاہم جو نام بتلائے ہیں وہ صیغہ راز میں رکھے جائیں گے، لہذا عدالت تفتیش مکمل کرنے کے لیے مزید 5 روز کا جسمانی ریمانڈ منظور کرے۔
دوران سماعت جاوید لطیف کے وکلا نے جسمانی ریمانڈ کی مخالفت کی اور کہا کہ ابتک 9 روز کا ریمانڈ ہوچکا ہے، تمام تفتیش مکمل ہے، لہذا عدالت جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرے۔ جاوید لطیف نے اپنے بیان میں کہا کہ جس طریقے سے تحقیقات ہو رہی ہے یہ پہلی بار دیکھا ہے، مجھے میڈیا سے بات کرنے سے بھی روکا جا رہا ہے، پاکستان کے لیے مر سکتا ہوں لیکن کسی سے خیرات نہیں لینا چاہتا۔
عدالت نے دلائل مکمل ہونے پر جاوید لطیف کے جسمانی ریمانڈ میں تین روز کی توسیع اور تفتیش افسر کو ہدایت کی آئندہ سماعت پر رپورٹ پیش کی جائے۔