اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم کے معاون خصوصی شہباز گل کا کہنا ہے کہ ماضی میں ملک کے حکمران رہنے والوں کو بھاگنے کی بہت جلدی ہے، ایسے بھاگ رہے ہیں جیسے چور چوری کے بعد بھاگتا ہے۔
شہباز شریف کی بیرون ملک روانگی کے معاملے پر شہباز گل نے اپنے ٹویٹ میں انہیں شدید الفاظ میں تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ ان چوروں کی تیزیاں دیکھیں کہ ابھی عدالت کے آرڈر کی سیاہی خشک نہیں ہوئی اور روانگی کے لئے ایئرپورٹ پہنچ گئے، اب نہ ان کو کورونا کا ڈر آیا نہ ان کی کمر میں درد ہوئی اور نہ ہی انہیں وطن عزیز کے ہسپتال اور ڈاکٹر اچھے لگے۔
ادھر وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے سماجی رابطے کی ویب ساٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ اتنی جلدی تو پنچایت میں بھی فیصلہ نہیں ہوتا، اربوں روپے کی منی لانڈرنگ میں ملوث شخص کو باہر جانے کی اجازت ملنا قانون کے ساتھ مذاق ہے۔
معاون خصوصی احتساب شہزاد اکبر نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ شہباز شریف کا بھائی، بیٹا اور داماد بھی اشتہاری ہیں، ملزم اور مجرم لندن میں اکٹھے عید منائیں گے۔
وزیر مملکت اطلاعات فرخ حبیب نے کہا شہباز شریف نے تو اپنے بھائی نواز شریف کی گارنٹی دی تھی، جو تاحال فرار ہیں۔ معاون خصوصی پنجاب فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کو گرمی ستا رہی ہے، ان کا دل لندن کی ٹھنڈی ہوائیں لینے کیلئے مچل رہا ہے۔