کورونا کو شکست دینے والا 103 سالہ شہری ویکسین کا پرزور حامی

Published On 09 May,2021 04:25 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وادی چترال کا 103 سالہ بزرگ شہری عزیز عبدالعالم جو کورونا وائرس کو شکست دے کر صحت یاب ہو چکا ہے، حفاظتی ویکسین کے استعمال کا پرزور حامی بن گیا ہے۔

انہوں نے خود کورونا کی ویکسین لگوا لی ہے اور چاہتے ہیں باقی لوگ بھی ویکسین ضرور لگوائیں۔ انہوں نے 24 اپریل کو سائنو فارم ویکسین کی دوسری ڈوز لگوائی اور یہ بات کرتے ہوئے خوشی محسوس کرتے ہیں کہ انہیں ابھی تک کسی قسم کے سائیڈ ایفکٹس کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔

ان کا کہنا ہے “اگر 100 سال سے زائد عمر کا شخص خود کو مکمل محفوظ تصور کرتا ہے تو ہر ایک کو ویکسین لگوانے کا حوصلہ ہونا چاہیے، کوئی وجہ نہیں کہ کورونا ویکسین نہ لگوائی جائے”۔

ویکسین لگوانے کے حوالے سے عزیز عبدالعالم کا جوش وخروش ایک بڑی پیشرفت ہے کیونکہ ویکسین لگوانے کے حوالے سے ہچکچاہٹ پاکستان میں ایک بڑا مسئلہ ہے۔ حالیہ سروے سے پتا چلا ہے کہ ملک میں ہر ہزار افراد میں سے 50 فیصد ویکسین لگوانا نہیں چاہتے کیونکہ ان کوخدشہ ہے ویکسین کے مضر اثرات ہیں۔

عزیز عبدالعالم کورونا وائرس سے صحت یاب ہوئے ہیں۔ گزشتہ سال جولائی میں وہ کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے دنیا کے پہلے معمر ترین شخص بنے، جب وہ بیمار ہوئے تو انہیں بونی کے علاقہ میں آغا خان ہیلتھ سروس کے کورونا ایمرجنسی ریسپانس سینٹر میں داخل کیا گیا تھا اور 2 ہفتے زیرعلاج رہنے کے بعد انہوں نے کورونا کوشکست دیدی اور ان کی کورونا ٹیسٹ رپورٹ منفی آئی ہے۔

 

Advertisement