اسلام آباد: (دنیا نیوز) قومی صحت کے بارے میں وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا ہے کہ کورونا سے بچاؤ کی ویکسین شہریوں کو وائرس کی مختلف اشکال کے باعث درپیش طبی مشکلات سے تحفظ کیلئے نہایت موثر ہے۔
انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ پاکستان میں کورونا وائرس کی نئی اشکال کی تشخیص اور ویکسین کے موثر ہونے کے بارے میں اٹھائے گئے مختلف سوالات کے پیش نظر شہریوں کے لئے نہایت ضروری ہے کہ وہ کسی بھی طبی پیچیدگی سے بچاؤ کیلئے ویکسین لگوائیں۔
ڈاکٹر فیصل سلطان نے واضح کیا کہ اس وقت دنیا میں کورونا وائرس کی مختلف اشکال سامنے آ رہی ہیں اور ان میں سے وائرس کی بعض اشکال کے باعث وبا کے دوبارہ پھیلاؤ کے خطرات کا سامنا ہو سکتا ہے۔ کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے عالمی سطح پر مرتب کردہ حفاظتی تدابیر پر عملدرآمد ہماری اولین ترجیح ہونی چاہیے۔
انہوں نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ گزشتہ ایک دو دنوں سے کورونا وائرس کی نئی اقسام کے بارے میں گفتگو ہوتی رہی ہے۔ درحقیقت تمام وائرس وقت کے ساتھ ارتقا کے عمل سے گزرتے ہیں۔ اس کے نتیجے میں نئے ویرینٹس اور اقسام سامنے آتی رہتی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ کچھ ماہ پہلے برطانیہ میں ایک نئی قسم بتائی گئی جس کو بی ون ون سیون کا نام دیا گیا۔ یہ قسم اس وقت دنیا کے بیشتر ممالک میں موجود ہے۔
انھوں نے کہا کہ اسی طرح جنوبی افریقہ سے ایک سٹرین ڈسکرائب کیا گیا جس کو بی ون تھری فائیو بولتے ہیں اور برازیل میں ایک قسم پائی گئ جس کو بی ون بولتے ہیں۔صرف یہی دو یا تین اقسام موجود نہیں ہیں بلکہ بہت ساری اقسام دنیا میں موجود ہیں۔
معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ بی ون ون سیون کے بارے میں تحقیق ہوئی تو پتا چلا یہ نسبتاً زیادہ تیزی سے پھیلتا ہے جبکہ کچھ وائرس ویرینٹس کی اقسام ایسی ہیں جو دوبارہ انفیکشن ہونے کا چانسزذرازیادہ رکھتی ہیں، جو ویکسین پاکستان میں جاری ہیں ہم ان کے بارے میں کہہ سکتے ہیں آپ ان کو اعتماد کے ساتھ استعمال کریں۔
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ جب آپ کی باری آتی ہے تو ویکسین لگوانے ضرور جائیں۔ تاکہ آپ ویکسینیشن کے ذریعے شدید خطرناک صورتحال سے بچ سکیں۔