اسلام آباد: (اے پی پی) پاک بحریہ نے ریجنل میری ٹائم سیکیورٹی پیٹرول کے دورانCTF -150 کے تحت بحیرہ عرب میں منعقدہ کثیر الملکی بحری آپریشن ”چینوک آرچر“ میں شرکت کی۔
آپریشن میں پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس سیف کے علاوہ امریکا اور کینیڈا کے بحری اور ہوائی جہازوں نے بھی شرکت کی۔
ترجمان پاک بحریہ کے مطابق آپریشن کا مقصد سمندر میں منشیات سمگلنگ کی روک تھام کےلیے مشترکہ آپریشن کی صلاحیتوں کو فروغ دینا تھا۔
پاک بحریہ سمگلنگ اور منشیات کی روک تھام کے ذریعے سمندری راستوں کو محفوظ بنانے کی بین الاقوامی کوششوں میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔
دیگر ممالک کے ساتھ اس آپریشن میں شرکت سمندری تحفظ اور علاقائی امن و استحکام کیلئے پاک بحریہ کے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔
مشترکہ بحری آپریشن سے مختلف ممالک کی بحری افواج کے ساتھ تعلقات کو مزید فروغ ملے گا۔