اسلام آباد: (دنیا نیوز) فواد چودھری نے کہا ہے کہ حدیبیہ پیپر ملز کیس تقریباً 1242 ملین روپے کے فراڈ کی کہانی ہے، کرپشن کا یہ سکینڈل بلحاظ حجم پاناما کیس سے زیادہ بڑا ہے، دلچسپ بات یہ ہے تفصیلی تفتیش کے بعد اس کیس کا ایک دن بھی عدالتی ٹرائل نہیں ہوا۔
وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ حدیبیہ کیس کی ابتداء 2000 میں اس وقت ہوئی جب نیب حکام نے حدیبیہ پیپرز کیخلاف ایک ریفرنس دائر کیا، دلچسپ بات یہ تھی کہ اتنی تفصیلی تفتیش کے بعد اس کیس کا ایک دن بھی عدالتی ٹرائل نہیں ہوا، جس جج نے کیس بند کرنے کا فیصلہ دیا پاناما کیس کے انکشافات کے مطابق ان جج کے اپنے اثاثے بھی بیرون ملک تھے، بدقسمتی سے ان جج صاحب کے خلاف بھی کوئی کاروائی نہیں ہوئی۔
فواد چودھری کا کہنا تھا کہ اس مقدمے میں اب کچھ نئے حقائق بھی سامنے آئے ہیں، جن پر نئی تفتیش کا فیصلہ کیا گیا، امید ہے عدلیہ ان ججوں پر بھی کاروائی کرے گی جنہوں نے شریف فیملی کی معاونت کی، انصاف کا تقاضا ہے کہ تمام ادارے اپنا کردار ادا کریں، پاکستان کا مستقبل قانون کی حکمرانی سے وابستہ ہے۔