سنجرانی کا پاکستان، جبوتی کے درمیان حکومتی، تجارتی تعلقات بڑھانے کی ضرورت پر زور

Published On 15 May,2021 06:50 pm

اسلام آباد: (ویب ڈیسک):چئیرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے پاکستان اور جبوتی کے مابین حکومتی اور پارلیمانی سطح پر روابط ، تجارتی تعلقات بڑھانے اور صنعتی سرمایہ کاری کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

سینیٹ سیکرٹریٹ کے مطابق چیئرمین سینیٹ جو وفد کے ہمراہ جبوتی کے دورے پر ہیں نے جبوتی کے حکام اور وہاں مقیم پاکستانیوں سے ملاقات کی۔انہوں نے جبوتی کے وزیر صحت سے ملاقات کے دوران انہیں پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت بھی دی۔

چئیرمن سینیٹ نے کہا کہ پاکستان جبوتی میں اپنا سفارتخانہ جلد کھولے گا۔ جذب خیر سگالی کے تحت پاکستان جبوتی کے میڈیکل کے طلباء کو مفت تعلیم فراہم کرے گا، اس مقصد کیلئے کوٹہ مختص کیا جائے گا، چیئرمین سینیٹ نے اپنی طرف سےمختلف ممالک کے پارلیمانی سربراہان کو لکھے گۓ حالیہ خطوط کا حوالہ دیتے ہوئے فلسطین میں حالیہ کشیدگی پر تشویش کا اظہار کیا۔

ملاقاتوں میں مقبوضہ کشمیر کے موجودہ حالات پر بھی تفصیلی گفتگو کی گئ، جبوتی کے وزیر صحت قاسم اساق عثمان نے مقبوضہ علاقوں پر پاکستانی موقف کی تعریف کی۔ وزیر صحت نے دورہ پاکستان کی دعوت اور جبوتی کے طلباء کو مفت میڈیکل تعلیم کی پیشکش پر پر چئیرمین سینیٹ کا شکریہ ادا کیا۔