لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے کارکن زاہد مہمند کورونا وائرس کے باعث انتقال کر گئے، وزیراعظم عمران خان نے افسوس کا اظہار کیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر وزیراعظم عمران خان نے لکھا کہ آج ہم نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ایک نوجوان کارکن زاہد مہمند کو کھو دیا ہے، پی ٹی آئی کارکن کورونا وائرس کے باعث زندگی کی بازی ہار گئے ہیں۔
عمران خان نے لکھا کہ زاہد نے پشاور میں نچلی سطح پر ہماری پارٹی کو منظم کرنے کا کام کیا۔ میری تعزیت اور دعائیں ان کے اہل خانہ سے ہیں۔
إِنَّا لِلَّٰهِ وَإِنَّا إِلَيْهِ رَاجِعُونَ
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) May 15, 2021
Today we lost a dedicated young PTI worker Zahid Mohmand to Covid 19. Zahid worked to organise our Party at grassroot level in Peshawar. My condolences & prayers go to his family. Everyone must follow pandemic SOPs & wear masks. pic.twitter.com/FA6xqXN2W3
آخر میں انہوں نے ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ہر ایک کو کورونا وائرس کے ایس او پی کی پیروی کرنا چاہئے اور ماسک پہنیں۔
دوسری طرف کورونا وائرس سے 83 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 19 ہزار 467 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 8 لاکھ 74 ہزار 751 ہوگئی۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ایک ہزار 531 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 3 لاکھ 24 ہزار 589، سندھ میں 2 لاکھ 97 ہزار 78، خیبر پختونخوا میں ایک لاکھ 26 ہزار 614، بلوچستان میں 23 ہزار 814، گلگت بلتستان میں 5 ہزار 417، اسلام آباد میں 79 ہزار 27 جبکہ آزاد کشمیر میں 18 ہزار 212 کیسز رپورٹ ہوئے۔
ملک بھر میں اب تک ایک کروڑ 24 لاکھ 10 ہزار 924 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 30 ہزار 248 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 7 لاکھ 83 ہزار 480 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 4 ہزار 387 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 83 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 19 ہزار 467 ہوگئی۔ پنجاب میں 9 ہزار 322، سندھ میں 4 ہزار 793، خیبر پختونخوا میں 3 ہزار 743، اسلام آباد میں 727، بلوچستان میں 262، گلگت بلتستان میں 107 اور آزاد کشمیر میں 513 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔