پشاور: بزرگ خاتون سیاستدان بیگم نسیم ولی انتقال کر گئیں

Published On 16 May,2021 09:11 am

پشاور: (دنیا نیوز) بزرگ خاتون سیاستدان بیگم نسیم ولی خان انتقال کر گئیں، وہ عوامی نیشنل پارٹی کی سابق صوبائی صدر تھیں۔

بیگم نسیم ولی خان شوگر اور دل کے عارضے میں مبتلا تھیں۔ مرحومہ ایک بار قومی اسمبلی اور تین بار صوبائی اسمبلی کی رکن منتحب ہوئیں اور پہلی خاتون سیاستدان تھیں جو رکن پارلیمنٹ منتخب ہوئی تھیں۔

 مرحومہ عوامی نیشنل پارٹی کے رہبر تحریک خان عبدالولی خان کی اہلیہ اور اے این پی کے موجودہ مرکزی صدر اسفندیار ولی خان کی سوتیلی ماں تھیں۔ بیگم نسیم ولی خان کی نماز جنازہ چارسدہ میں ادا کی جائے گی۔

بیگم نسیم ولی کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ مرحومہ نے ایم آر ڈی تحریک میں جمہوریت کیلئے بھرپور جدو جہد کی، بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کو اپنے جوار رحمت میں بلند درجات عطا فرمائے۔

چودھری برادران نے بزرگ خاتون رہنما کی وفات پر اپنے پیغام میں کہا کہ بیگم نسیم ولی کی جمہوریت کیلئے خدمات کو فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ ملکی سیاست میں ان کے مثبت کردار کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔