وزیر خارجہ کا امریکی ہم منصب سے ٹیلی فونک رابطہ، غزہ کی صورتحال پر گفتگو

Published On 16 May,2021 11:53 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) شاہ محمود قریشی نے امریکی ہم منصب انتھونی بلکن کے ساتھ ٹیلیفونک رابطہ کرکے فلسطین کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا ہے۔ وزیر خارجہ نے درخواست کی کہ امریکہ فلسطین میں بڑھتی ہوئی کشیدگی میں کمی اور امن کی بحالی کیلئے کردار ادا کرے۔

دونوں وزرائے خارجہ کے مابین دو طرفہ تعلقات اور اہم علاقائی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ شاہ محمود قریشی نے دوران گفتگو کہا کہ وزیراعظم عمران خان جغرافیائی اقتصادی ترجیحات پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہیں۔ اس وژن کا محور، قیام امن، ترقی میں شراکت داری اور علاقائی روابط کا فروغ ہے۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان، افغانستان میں قیام امن کیلئے اپنا مصالحانہ کردار ادا کرنے کیلئے پرعزم ہے۔ جامع سیاسی حل کیلئے افغانستان سے افواج کے ذمہ دارانہ انخلا اور مکمل سیز فائر کی ضرورت ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے شمار قربانیاں دی ہیں۔ دہشت گردی کی مالی معاونت اور منی لانڈرنگ کی روک تھام کیلئے پاکستان پختہ عزم رکھتا ہے۔

ان کا کہنا تھاکہ اسرائیلی جارحیت اور انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کے حوالے سے پاکستانی قوم کے شدید اضطراب ہے۔ امریکہ فلسطین میں بڑھتی ہوئی کشیدگی میں کمی اور امن کی بحالی کیلئے کردار اداکرے۔ دونوں وزرائے خارجہ نے باہمی دلچسپی کے دو طرفہ اور اہم علاقائی امور پر مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
 

Advertisement