نہتےفلسطینیوں پراسرائیلی حملےجاری،مزید چالیس شہادتیں، تعداد 188تک پہنچ گئی

Published On 16 May,2021 08:49 pm

غزہ: (دنیا نیوز/ ویب ڈیسک) اسرائیلی فوج نے مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں فضائی اور زمینی حملوں میں مزید درجنوں مسلمانوں کو شہید کر دیا ہے۔ شہید ہونے والوں میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق صہیونی فوج نے دریائے اردن کے مغربی کنارے کے علاقے میں بھی حملے شروع کر دیے ہیں، ان حملوں میں اب تک 21 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔

اسرائیلی فوج کی جانب سے غزہ پٹی کے شمالی علاقے میں گولہ باری کی اطلاعات ہیں۔ محاصرہ زدہ غزہ شہر پر فضائی حملوں کی زد میں آ کر مزید 33 فلسطینی شہید ہو گئے ہیں۔

تباہ شدہ عمارتوں کے ملبے سے ابھی تک لاشیں اور زخمی مل رہے ہیں۔ امدادی کارکنوں کا کہنا ہے کہ مرنے والوں کی تعداد میں اضافے کا اندیشہ ہے کیونکہ تعداد پہلے ہی بڑھتی جا رہی ہے۔

فلسطینی وزارت صحت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ سوموار سے جاری فضائی حملوں میں اب تک صرف غزہ میں 188 افراد شہید اور سیکڑوں زخمی ہو چکے ہیں، ان شہدا میں 50 بچے بھی شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: بیت المقدس فلسطینیوں کی سرزمین، نقصان پہنچانےکی اجازت نہیں دینگے:سعودی عرب

سعودی عرب نے اسرائیل کے مظالم سہہ رہے نہتے فلسطینیوں کے حق میں آواز بلند کرتے ہوئے کہا ہے کہ بیت المقدس فلسطینیوں کی سرزمین، کسی کو اسے نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دیں گے۔

یہ بات سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان تعاون تنظیم (او آئی سی) کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل پر فلسطینیوں کے حقوق کی کھلم کھلا خلاف ورزیاں کر رہا ہے۔ عالمی برادری اپنی ذمہ داریاں پوری کرے۔

او آئی سی کے ورچوئل اجلاس سے خطاب میں سعودی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ہم بیت المقدس میں فلسطینیوں کے مکانات پر اسرائیلیوں کے قبضے کی مذمت کرتے ہیں۔ بیت القدس فلسطینیوں کی زمین ہے، اس کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ عالمی برادری اسرائیل کی خلاف ورزیوں کے سامنے اپنی ذمہ داریاں پوری کرے۔ عالمی برادری کو فوری طور پر مداخلت کرتے ہوئے اسرائیلی اقدامات کو روکنا ہوگا۔

ادھر او آئی سی نے اسرائیلی جارحیت کیخلاف مذمتی قرارداد منظور کرتے ہوئے کہا ہے کہ القدس اور الاقصیٰ اسلام کا قبلہ اول اور مسلم امہ کی ریڈ لائن ہے۔ جب تک الاقصیٰ مکمل آزاد نہیں ہوتی، علاقے کی سیکورٹی اور امن ممکن نہیں ہے۔

مذمتی قرارداد میں کہا گیا ہے کہ او آئی سی فلسطین کی سرزمین پر نئی یہودی بستیوں کی تعمیرات کی مذمت کرتی ہے۔ اسرائیل کے مسلم امہ کے مذہبی احساسات کو چھیڑنے خوفناک نتائج برآمد ہونگے۔

قرارداد میں قابض اسرائیل کو حالات بگاڑنے کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ غزہ پر وحشیانہ حملے کئے گئے جس میں متعدد فلسطینی شہید ہو گئے۔ او آئی سی نے سلامتی کونسل سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اسرائیل کے وحشیانہ حملے بند کرنے کے لئے فوری اقدام کرے۔
 

Advertisement