اسلام آباد: (دنیا نیوز) قومی احتساب بیورو (نیب) ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں مسلم لیگ (ن) کے رہنما کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کیخلاف انکوائری کو عدم ثبوت کی بنیاد پر بند کرنے کی منظوری دیدی ہے۔
نیب کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ سابق ممبر بورڈ آف ریونیو خیبر پختونخوا احسان اللہ کیخلاف ریفرنس کی مںظوری دی گئی، ان پر سرکاری زمین الاٹ کرنے کا الزام ہے۔
اس کے علاوہ سابق ضلع ناظم اور سابق میئر کوئٹہ کیخلاف بھی ریفرنس کی منظوری دی گئی۔ ڈاکٹر کلیم اللہ سمیت ملزمان پر سرکاری زمینیں کم داموں لیز پر دینے کا الزام ہے۔
نیب ایگزیکٹو بورڈ اجلاس میں سابق وزیر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن میر محمد امین کیخلاف بھی ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دی گئی۔ بورڈ نے مجموعی طور پر 9 انکوائریز جبکہ 3 انوسٹی گیشنز کی منظوری دی۔
اجلاس سے خطاب کیں چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کا کہنا تھا کہ ملک سے بدعنوانی کا خاتمہ نیب کی اولین ترجیح ہے۔ نیب نے بڑی مچھلیوں کے خلاف اربوں روپے مالیت کے 1269 ریفرنسز عدالتوں میں دائر کئے۔
ان کا کہنا تھا کہ نیب اور کرپشن ساتھ ساتھ نہیں چل سکتے۔ نیب کا تعلق کسی سیاسی جماعت یا گروہ سے نہیں بلکہ صرف ریاست پاکستان سے ہے۔