راولپنڈی رنگ روڈ منصوبے میں اربوں روپےکی مبینہ کرپشن،چیئرمین نیب کا نوٹس

Published On 17 May,2021 05:26 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے راولپنڈی رنگ روڈ منصوبے میں اربوں روپے کی مبینہ کرپشن کے معاملے کا نوٹس لے لیا ہے۔

چیئرمین نیب کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ تفتیشی ٹیمیں راولپنڈی رنگ روڈ منصوبے میں بدعنوانی کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیں اور کرپشن کے تمام ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے۔

ذرائع کے مطابق چیئرمین نیب نے راولپنڈی رنگ روڈ منصوبے میں بے ضابطگی اور غیر قانونی لینڈ ایکوزیشن کی تحقیقات کا حکم دیدیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: راولپنڈی رنگ روڈ سکینڈل کی انکوائری مکمل، بیورو کریسی میں بڑے پیمانے پر تبادلے

دوسری جانب خیال رہے کہ راولپنڈی رنگ روڈ سکینڈل کی انکوائری مکمل ہوتے ہی بیورو کریسی میں بڑے پیمانے پر تبادلے کر دیئے گئے ہیں۔

ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کیپٹن ریٹائرڈ انوار الحق کو عہدے سے ہٹا کر ڈی سی چکوال کو راولپنڈی کا اضافی چارج دے دیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو کیپٹن (ر) شعیب کو بھی عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے۔

ڈپٹی کمشنر اٹک علی اننان قمر کو بھی عہدے سے ہٹاتے ہوئے اے ڈی سی جی کیپٹن (ر) قاسم اعجاز کو اے ڈی سی آر راولپنڈی کا اضافی چارج دیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق یہ تمام تبادلے راولپنڈی رنگ روڑ سکینڈل کی تحقیقات کے تناظر میں کیے گئے ہیں۔ کمشنر راولپنڈی کو بھی اسی وجہ سے پہلے ہی عہدے سے ہٹایا جا چکا ہے۔
 

Advertisement