حکومت ہر شعبے میں کامیابی کی منازل تیزی سے طے کر رہی ہے، فرخ حبیب

Published On 24 May,2021 10:39 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پی ٹی آئی حکومت معاشی میدان سمیت ہر شعبے میں کامیابی کی منازل تیزی سے طے کر رہی ہے، عمران خان حکومت اپنی پانچ سالہ آئینی مدت مکمل کرے گی اور اپوزیشن کو اسی تنخواہ پر تب تک کام کرنا پڑے گا۔

نیشل پریس کلب میں میٹ دی پریس پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہر بندے کا خواب ہے کہ اس کا اپنا گھر ہو، اس خواب کو پورا کرنے کے لئے حکومت نے آسانیاں پیدا کیں ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے حکومت سنبھالتے ہی اس ایجنڈے پر کام شروع کیا۔ پنجاب میں 68 فیصد مزدور طبقہ ہے، ان میں سے ایک فیصد کے گھر بنتے ہیں، 52 فیصد ایسے لوگوں کے گھر ہیں جو بہتر پوزیشن میں ہے، کم شرح سود پر 10 تا 20 سالوں میں ادائیگی کے لئے آسان قرض دیئے جا رہے ہیں۔

وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہا کہ ہماری حکومت اصلاحات لیکر آئی، شماریات بیورو بنایا، مارکیٹ سے قیمتیں اقوام متحدہ کے طریقہ کار کے مطابق سامنے لائی جا رہی ہیں، عوام کے لئے یہ خوشخبری ہے کہ مالی سال مکمل ہونے تک پاکستان میں 55 بلین ڈالر کا انفلو ہوگا، اگر کسی کو اعتراض ہے تو سامنے آئے انھیں ہر لحاظ سے تسلی کرائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کا کام میں نہ مانوں، اس اپوزیشن کو میں تو کیا کوئی بھی نہیں منا سکتا، اپوزیشن کو ایک دوسرے کو بھی نہیں منا سکی۔