میں نے زویا کو خود چھوڑا: کرسچین بیٹزمین

Published On 24 May,2021 05:41 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) جرمن وی لاگر اور اداکارہ زویا ناصر کے سابقہ منگیتر نے کہا ہے کہ میں نے زویا کو خود چھوڑا ہے۔

تفصیلات کے مطابق حال ہی میں کرسچین بیٹزمین کی جانب سے اپنے یوٹیوب پر ایک ویڈیو شیئر کی گئی جس پر تبصرہ کرتے ہوئے بھارتی صارف منتشیٰ جبیں نے وی لاگر کو حوصلہ دیتے ہوئے کمنٹ کیا اور لکھا کہ صرف ایک دن میں آپ کی منگیتر اور آپ کے لوگوں نے آپ کو تنہا کردیا ہے جس پر آپ دکھی ہیں ،آپ پر ہزاروں لوگ تنقید کررہے ہیں ہوسکتا ہے لوگ آپ کو سمجھ نہیں پارہے ہوں لیکن فکر نہ کریں وقت بڑا مرہم ہے۔

بھارتی صارف کے تبصرے کا جواب دیتے ہوئے کرسچین بیٹزمین نے لکھا کہ زویا کو میں نے چھوڑا ہے لیکن یہ ایک مختلف کہانی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: اداکارہ زویا ناصر نے جرمن یوٹیوبر کرسٹن بیٹزمین کیساتھ منگنی ختم کر دی

دوسری طرف نومسلم جرمن وی لاگر کرسچین بیٹزمین نے کہا ہے کہ میں اب سوشل میڈیا سے دوری اختیار کررہا ہوں لیکن اگر میرے ناقدین مزید نفرت پھیلانا چاہتے ہیں تو وہ مجھے اَن فالو کرسکتے ہیں۔

نومسلم جرمن وی لاگر کرسچین بیٹزمین کا پاکستانی اداکارہ و ماڈل زویا ناصر سے منگنی ٹوٹنے کے بعد سوشل میڈیا پر وضاحتی بیان جاری کردیا۔

بیٹزمین نے اپنے تصدیق شدہ انسٹاگرام اکاؤنٹ پر مختلف اسٹوریز شیئر کیں جن میں اُنہوں نے وضاحتی پیغامات جاری کیے۔

کرسچین بیٹزمین نے کہا کہ سب سے پہلے تو یہ معافی نہیں ہے لیکن یہ حیرت کی بات ہے کہ لوگ کس طرح چیزوں کو مروڑ دیتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے کُھلے دل سے میرا استقبال کیا ہے اور میں اس کے لیے ہمیشہ مشکور رہوں گا، میں اپنے مداحوں سے محبت کرتا ہوں اور میں ان سب سے پیار کرتا ہوں جو گزشتہ ایک سال سے میری کامیابی میں میرا ساتھ دے رہے ہیں۔

جرمن وی لاگر نے کہا کہ مجھے اس ملک کی ثقافت کو اپنانا پڑا اور آپ نے مجھے قبول بھی کیا جبکہ انفراسٹرکچر کے لحاظ سے یہ ملک دنیا کا تیسرا ملک ہے اور اسے آلودگی کی وجہ سے بھی بہت زیادہ نقصان ہوتا ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ یہ اس ملک کے حقائق ہیں، اس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ میں ملک سے یا اس کے عوام سے نفرت کرتا ہوں، یہ جھوٹ ہے۔ میں نے جو بیان دیے وہ صرف اس لیے کہا کہ میں پاکستان کی پرواہ کرتا ہوں اور واقعی میں ایک دن ایک تبدیلی دیکھنا چاہتا ہوں۔۔

کرسچین بیٹزمین نے کہا کہ مثبت تبدیلی دیکھنے کے لیے ہمیں غلطیوں کو قبول کرنا ہوگا اور ان کو دور کرنے کا ایک راستہ تلاش کرنا ہوگا۔

یاد رہے کہ اداکارہ زویا ناصر نے حال ہی میں اسلام قبول کرنے والے جرمن بلاگر و یوٹیوبر کرسچین بیٹزمین سے منگنی توڑنے کا اعلان کیا ہے۔

منگنی کی وجوہات سے متعلق بات کرتے ہوئے زویا ناصر نے اپنے پیغام میں لکھا تھا کہ میرے ملک، ثقافت، لوگوں کے حوالے سے کرسچین کے مؤقف میں آنے والی اچانک تبدیلی اور میرے مذہب سے متعلق بے حسی کی وجہ سے انہیں یہ مشکل فیصلہ لینا پڑا۔

متنازع بیانات کے بعد زویا ناصر کی جانب سے منگنی کے خاتمے کے اعلان کے بعد کرسچین بیٹز مین پر خاصی تنقید بھی کی گئی تھی۔

خیال رہے کہ زویا ناصر اور جرمن یوٹیوبر قریبی دوست تھے اور رواں برس ہی جرمن یوٹیوبر نے اسلام قبول کیا تھا جس کے فوری بعد اداکارہ سے منگنی کی تھی۔
 

Advertisement