لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کی معروف اور خوبرو اداکارہ عائشہ عمر نے کہا ہے کہ جنگ بندی کے بعد بھی فلسطینیوں کو مدد کی ضرورت ہے۔
گزشتہ روز عائشہ عمر نے انسٹاگرام پر فلسطینیوں کے حق میں نکالی جانے والی ریلی کی تصویر شیئر کی اور مظلوم فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیا۔
انسٹا گرام پر عائشہ عمر نے لکھا کہ خدا کا شکر ہے کہ اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی پر اتفاق ہوگیا لیکن جنگ بندی کے باوجود بھی فلسطینیوں کو مدد کی ضرورت ہے۔ جنگ بندی کے بعد اب وقت ہے ان مظلوم فلسطینیوں کی مدد کرنے کا جو اس جنگ کا شکار ہوکر بے گھر ہوگئے اور جنہوں نے اس خونی کھیل میں اپنے پیاروں کو کھودیا۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ وقت ہے ان بچوں کی نفسیاتی مدد کرنے کا جنہیں اسرائیلی حملوں کے بعد شدید ذہنی اذیت، صدمے کا سامنا کرنا پڑا اور جو تشدد کا شکار ہوئے۔ بالکل ایسے ہی جیسے کسی جنگ ذدہ خطے کے بچوں کی مدد کی جاتی ہے۔
اداکارہ نے امید ظاہر کی کہ ایک دن اس مسئلے کا پُر امن حل نکلے گا اور اس کا اختتام ہوگا کیونکہ اس سیارے پر موجود ہر انسان کو حق حاصل ہے اپنے آپ کو محفوظ محسوس کرنے اور بے خوف زندگی گزارنے کا۔ ہم سب یہاں اس سیارے پر بقائے باہمی سے ایک ساتھ رہنے کے لیے موجود ہیں۔
عائشہ عمر نے کہا میں یہ یقین کرنا چاہتی ہوں ہر اٹھنے والی آواز اہم ہے۔ اور ہمیشہ فرق پڑتاہے۔ کبھی کسی کو یہ نہ کہنے دیں کہ آپ کی آواز سے کوئی فرق نہیں پڑتا، یا آپ کے الفاظ اہم نہیں ہیں۔ غلط ہوتا دیکھ کر کبھی اپنی آواز کو اٹھنے سے نہ روکیں، اور کبھی اس کے لیے کھڑا ہونا نہ چھوڑیں جس پر آپ یقین کرتے ہیں۔ میں دنیا میں امن اور ہر انسان کی آزادی کے لیے اپنی آواز بلند کرتی ہوں۔
آخر میں عائشہ عمر نے فیض احمد فیض کی مشہور نظم کا مصرعہ شیئر کیا بول کہ لب آزاد ہیں تیرے۔