اداکارہ زویا ناصر نے جرمن یوٹیوبر کرسٹن بیٹزمین کیساتھ منگنی ختم کر دی

Published On 22 May,2021 07:10 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) اداکارہ زویا ناصر نے جرمن یوٹیوبر کرسٹن بیٹزمین کے ساتھ منگنی ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان شوبز انڈسٹری کی اٴْبھرتی ہوئی نوجوان اداکارہ زویا ناصر اور نومسلم جرمن یوٹیوبر کرسٹن بیٹزمین نے کچھ عرصہ قبل منگنی کی تھی۔ چند روز قبل سوشل میڈیا سائٹ انسٹاگرام پر زویا ناصر نے اپنی پہلی ڈھولکی کی تصویر شیئر کی جس میں اٴْن کے ہمراہ کرسٹن بیٹزمین بھی موجود تھے۔

زویا ناصر نے لکھا تھا کہ ہماری پہلی ڈھولکی اور میرے دو انمول رتن۔ اداکارہ نے دعا کی کہ اللّہ تعالیٰ ہمیں ہمیشہ اسی طرح خوش اور ساتھ رکھے۔ جرمن یوٹیوبر کرسٹن نے حال ہی میں اسلام قبول کیا تھا۔

اس موقع پر جرمن یوٹیوبر کا کہنا تھا کہ اسلام امن کا مذہب ہے اور دائرہ اسلام میں داخل ہونے کے بعد جو خود کے اندر محسوس کیا ہے وہ اس سے پہلے کبھی محسوس نہیں کیا تھا۔

تاہم آج زویا ناصر کی جانب سے اچانک کرسٹن بیٹزمین کے ساتھ منگنی ختم کرنے کا اعلان کیا گیا۔

انہوں نے انسٹاگرام پر پوسٹ شئیر کرتے ہوئے مداحوں کو بتایا کہ وہ کرسٹن بیٹزمین سے شادی نہیں کر رہیں۔ کرسٹن کے میری ثقافت، میرے ملک، میرے عوام اور میرے مذہب کے بارے میں اچانک تبدیل ہوتے موقف نے مجھے یہ مشکل فیصلہ لینے پر مجبور کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ کچھ ایسی مذہبی اور معاشرتی حدود ہیں جن کو کسی صورت پار نہیں کیا جا سکتا۔ ایک دوسرے کے ساتھ عاجزی، رواداری اور احترام وہ خوبیاں ہیں جن کا ہمیں ہمیشہ پابند رہنا چاہئے۔زویا ناصر نے کہا کہ میں اللہ سے دعا گو ہوں کہ وہ اس مشکل وقت سے نمٹنے کے لیے میری مدد کرے۔انہوں کرسٹن کے اچھے مستقبل کے لیے بھی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

اس موقع پر اداکارہ نے مداحوں سے منفی تبصرے کرنے سےبھی گریز کرنے کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ اس مشکل وقت سے نمٹنے کے لیے مجھے اور میری فیملی کو وقت درکار ہو گا۔

یاد رہے زویا ناصر اور کرسٹن نے رواں سال فروری میں منگنی کی تھی اور اس موقع پر بنائی گئی تصاویر بھی سوشل میڈیا پر شیئر کی تھیں۔ زویا ناصر ڈرامہ سیریل "زیبائش" میں دکھائی دی تھیں۔