کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں سندھ حکومت کے حکم پر 8 بجتے ہی پولیس اور رینجرز نے شہریوں کی غیر ضروری نقل و حرکت پر بریک لگا دیا، پولیس نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ خلاف ورزیوں پر سخت کارروائی کی جائے گی۔
دودھ، بیکری اور میڈیکل سٹورز کے علاوہ پولیس نے مصروف بازاروں کو بروقت بند کروا دیا۔ اہم شاہراہوں پر بھی رکاوٹیں کھڑی کر کے چیکنگ کا عمل جاری ہے۔ مرکزی شاہراہوں پر معمول سے ہٹ کر ٹریفک دیکھنے کو ملا۔
جگہ جگہ ناکے اور گلی محلوں میں پولیس نے گشت بھی کیا۔ پولیس موبائل کے ذریعے اعلانات بھی کیے جاتے رہے۔ محکمہ داخلہ سندھ کے ضابطہ اخلاق کے مطابق رات 8 بجے ڈرائیور کے ساتھ ایک شخص کو نکلنے کی اجازت ہوگی۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ پہلے مرحلے میں لوگوں کو نئے احکامات کے حوالے سے آگاہی دی جا رہی ہے۔ بغیر کسی وجہ کے گھر سے نکلنے والے افراد کے خلاف قانونی کارروائی کریں گے۔
شہریوں کا کہنا ہے حکومت کا اقدام وقت کی ضرورت ہے، تمام لوگوں کو احتیاط کرنی چاہیے۔ رات آٹھ بجے کے بعد شہر کے بیشتر شاہراہوں پر پولیس کی چیکنگ کے باعث ٹریفک جام کی صورتحال بھی پیدا ہوئی۔