اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزارت صحت حکام کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں تیار کردہ کورونا ویکسین کو آئندہ ہفتے مارکیٹ میں لانے کے منصوبے پر غور کیا جا رہا ہے۔
وزارت صحت کے حکام نے کہا ہے کہ پاکستان نے مقامی سطح پر کورونا ویکسین کامیابی سے تیار کر لی ہے۔ ویکسین چینی ٹیم کی زیرنگرانی پاکستانی ماہرین نے بنائی ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ کورونا ویکسین قومی ادارہ صحت میں تیار کی گئی ہے جبکہ پہلے فیز میں سنگل ڈوز کین سائینو کی 1 لاکھ 24 ڈوز تیار کی گئی ہیں۔ مقامی تیار کردہ کورونا ویکسین آئندہ ہفتے استعمال کے لیے دستیاب ہوگی۔
حکام نے کہا کہ کورونا ویکسین کی دوسری کھیپ پاکستانی ماہرین تیار کریں گے۔ چینی ٹیم نے ویکسین سازی میں ماہرین کو معاونت فراہم کی ہے۔
اس کے علاوہ پاکستان کو ویکسین کے لیے خام مال چینی کمپنی کین سائینو نے فراہم کیا۔ کورونا ویکسین کی دوسری کھیپ تیاری کے لیے خام مال چین سے جلد آئے گا۔