اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ نے بلدیاتی اداروں کی بحالی سے متعلق کیس میں ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کو نوٹس جاری کر دیا۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ بلدیاتی نمائندے حکومت کو عدالتی فیصلے کی کاپی بھجوا کر بیٹھ گئے، کام کیوں نہیں کر رہے، اجلاس بلانا ہے تو گھر میں بلائیں یا گرائونڈ میں، کیا آپ ریڈ کارپٹ چاہتے ہیں؟۔
چیف جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے بلدیاتی اداروں سے متعلق پنجاب حکومت کیخلاف توہین عدالت کی درخواستوں پر سماعت کی۔ درخواست گزار کے وکیل نے دلائل دیئے کہ پنجاب حکومت نے سپریم کورٹ کے 25 مارچ کے فیصلے کی توہین کی اور بلدیاتی نمائندگان کو ان کے دفتر میں نہیں جانے دیا گیا، ہمارے خلاف فوجداری مقدمات بنا دیئے گئے۔
چیف جسٹس نے ریمارکس دیتے آپ خود کام نہیں کرنا چاہتے، سپریم کورٹ نے بحالی کا حکم دے دیا، بلدیاتی نمائندگان نے کچھ نہیں کیا، پنجاب حکومت کی طرف سے غلطی ہو رہی ہے پر اب تک آپ نے کیا کیا ؟ عدالت نے ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دی۔