اسلام آباد: (دنیا نیوز) کوویکس کے ذریعے ایک لاکھ سے زائد فائزر ویکسین کے ٹیکے یونیسف کی مدد سے آج صبح اسلام آباد پہنچ گئے ہیں۔
فائزر کے محلول اور سرنج کی کھیپ کی آمد اگلے دو دن میں متوقع ہے۔ یہ ویکسین ملک بھر میں جاری کورونا ویکسی نیشن مہم میں استعمال ہوگی۔ یونیسف نے ملک بھر میں بہترین انتظامات کے زیر نگرانی کامیابی سے جاری مہم اور اس میں 18 سال سے زائد عمر کے تمام افراد کی شمولیت پر حکومت پاکستان اور وزارت صحت کی کاوشوں کو سراہا ہے۔
خیال رہے کہ فائزر ویکسین کی کھیپ پاکستان کو کوویکس کے ذریعے ملنے والی ویکسین کی دوسری کھیپ ہے۔
دو ہفتے قبل 12 لاکھ سے زائد اوکسفورڈ اسٹرازینکا ویکسین کے ٹیکے کوویکس کے ذریعے پاکستان پہنچے تھے اور ان کی بھی خریداری اور فراہمی میں یونیسف نے اہم کردار ادا کیا تھا۔
یونیسف کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کووِڈ-19 ویکسین محفوظ اور موثر ہے۔ اگر کسی کی عمر 18 سال یا اس سے زائد ہے تو ابھی 1166 پر اپنا شناختی کارڈ نمبر بھیجیں اور حکومت کی جاری ویکسی نیشن مہم کا حصہ بنیں، ویکسین لگوایں اور تمام احتیاتی تدابیر پر عمل کریں۔