اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ سوال یہ ہے کہ اس وقت جب معیشت اوپر جارہی ہے اور عام آدمی کی حالت بدل رہی ہے اپوزیشن احتجاج کی کال کیوں دے رہی ہے، ایسی سیاست کا فائدہ کس کو ہوگا۔
چوہدری فواد حسین نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ پیپلز پارٹی اور نون لیگ نے معیشت کا جو حشر کیا اس کے نتیجے میں معاشی تکلیفوں کا سامنا کرنا پڑا مگر طویل انتظار کے بعد معاشی پالیسیوں کے مثبت نتائج سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں۔ ملک کی تاریخ میں پہلی بار چار ہزار ارب روپے سے زیادہ ٹیکس اکٹھا ہوا۔ بیرون ملک پاکستانیوں نے معیشت کو پاؤں پرکھڑا کرنےکی اس کوششش میں بھرپورحصہ ڈالا اور1,000ارب روپے پاکستان بھیجے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ گندم، چاول، گنا اور مکئ کی تاریخی پیداوار ہوئی، زرعی معیشت میں 1100ارب روپیہ منتقل ہوا۔ اس سے کسانوں کی قوت خرید میں بھرپور اضافہ ہوا۔ ٹریکٹر 64% زیادہ فروخت ہوئے، کھاد اور زرعی ادویات کے استعمال میں اضافہ ہوا۔
انہوں نے کہا کہ اسٹاک مارکیٹ نے 27 مئی کو 2.21 ارب شیئرز کی خریدو فروخت سے نیا ریکارڈ قائم کیا، اس وقت پاکستان کی مارکیٹ دنیا کی بہترین مارکیٹ ہے۔