زیارت: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ سابق حکومت بھاری قرضے چڑھا کر گئی۔ ہم نے سخت مشکلات کے باوجود ملکی معیشت کو درست کیا۔ خوشخبری ہے کہ مشکل وقت سے ہمارا ملک نکل گیا ہے۔ اگلے سال شرح نمو میں مزید اضافہ ہوگا۔
زیارت میں ایک تقریب سے خطاب میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پچھلے سال گروتھ ریٹ صفر اعشاریہ پانچ فیصد تھا، ہماری معیشت کا واقعی برا حال تھا، تاہم اب پچھلے ہفتے گروتھ ریٹ کے نئے اعدادوشمار سامنے آئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن نے پہلے ہی دن کہنا شروع کر دیا تھا کہ ہماری حکومت فیل ہو گئی۔ پچھلے ہفتے گروتھ ریٹ تقریباً چار فیصد سے اوپر گیا تو اپوزیشن کہتی ہے اعدادوشمار ٹھیک نہیں، اپوزیشن آج بڑی مشکل میں ہے، ان پر بڑا ترس آتا ہے۔ مخالفین ڈرتے ہیں کہ معیشت بہتر ہو گئی تو ان کی سیاست ختم ہو جائے گی۔
وزیراعظم نے کہا کہ میں بادشاہوں کی طرح اشرفیوں کی تھیلیاں نہیں پھینک سکتا۔ کسی بھی فنڈ کے اجرا کیلئے وزیر خزانہ سے مشاورت کرنا پڑتی ہے۔ حکومت نے بلوچستان کو اپنا سمجھا، ماضی میں ایسا کبھی نہیں ہوا۔ پہلی بار بلوچستان میں ترقیاتی کاموں پر پیسہ خرچ کیا جا رہا ہے۔