بیوہ خاتون کی فوری دادرسی، وزیراعظم کےحکم پر گھرکے بقایا جات دلوا دیئے

Published On 31 May,2021 04:17 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پولیس نے وزیراعظم عمران خان کے حکم پر لاہور کے علاقے ڈیفنس کی رہائشی بیوہ خاتون کے گھر کے بقایا جات دلوا دیئے ہیں۔ خاتون نے دادرسی پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا ہے۔

دنیا نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے عائشہ بی بی نامی خاتون کا کہنا تھا کہ میرا گھر پہلے ہی واگزار کروا دیا گیا تھا تاہم عمران اصغر نامی کرایہ دار بقیہ واجبات نہیں کر رہا تھا۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز بیوہ خاتون عائشہ بی بی نے آپ کا وزیراعظم، آپ کے ساتھ پروگرام میں کال کی تھی۔ اس نے بقایا جات دلوانے پر وزیراعظم عمران خان، آئی جی پنجاب اور لاہور پولیس کا شکریہ ادا کیا ہے۔


آہ وزاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ اب تو کفن کیلئے بھی پیسے نہیں بچے ہیں۔ قبضہ گروپ کی وجہ سے ذلیل وخوار ہو رہے ہیں۔ ٹیلی فون پر گفتگو میں خاتون نے لاہور کے قبضہ مافیا کیخلاف دکھ بھری داستان سنائی اور کہا کہ زندگی بھر کی جمع پونجی سے لاہور میں گھر بنایا، بیوہ ہوں، ماں بھی زندہ ہے، تین سال کا ایک بچہ ہے۔

خاتون کا کہنا تھا کہ لاہور اور کوئٹہ کے درمیان آتے جاتے برباد ہو کر رہ گئے ہیں، اب تو کفن کیلئے بھی پیسے نہیں بچے۔ اس دوران خاتون رونے لگی۔ وزیراعظم نے خاتون کی دکھ بھری داستان سنتے ہوئے اسے انصاف کی فراہمی کی یقین دہانی کرائی تھی۔
 

وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل نے بھی اس بارے میں بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ کل ایک بیوہ خاتون نے وزیراعظم سے شکایت کی تھی کہ ان کے مکان پر قبضہ ہو گیا تھا اور پچھلے 5 سال سے کرایہ ادا نہیں کیا گیا تھا۔

ڈاکٹر شہباز گل نے کہا کہ اللہ کا شکر ہے کہ انہیں ان کے واجبات مل گئے ہیں۔ ان کو چار لاکھ بہتر ہزار روپے ادا ہو گئے ہیں۔ اس کی مزید انکوائری کرکے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کرینگے۔