اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم نے کہا ہے کہ جو چیزیں پچاس سال پہلے کرنا تھیں، اب کر رہے ہیں، پچھلے کئی برسوں میں ملک کیلئے کچھ نہیں کیا گیا، سب سے بڑی کمزوری عملدرآمد کی ہے، الیکشن سامنے رکھ کر منصوبہ بندی کریں گے تو ملک ترقی نہیں کرے گا، بھاشا اور مہمند ڈیم منصوبوں پر پیش رفت خوش آئند ہے۔
پہلے گرین یورو انڈس بانڈ کے اجرا کی تقریب سے وزیراعظم عمران خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ منصوبوں پر عمل درآمد بہت سست روی کا شکار ہوتا ہے، ہم منصوبے شروع کر دیتے ہیں، عمل درآمد سست ہوتا ہے، مستقبل کیلئے آپ کو لمبی پلاننگ کرنا پڑتی ہے، ہمارے شہر آلودہ ہوچکے ہیں، لاہور زندہ مثال ہے، ماحول دوست بجلی کی پیداوار کیلئے 10 ڈیم بنا رہے ہیں، 2018 سے اب تک ایک ارب درخت لگائے ہیں، 2023 تک 10 ارب درخت ملک میں لگائیں گے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ جب ہم بڑے ہو رہے تھے ملک تیزی سےترقی کر رہا تھا، بھارت میں کھیل کر واپس آکر لگتا تھا کسی غریب ملک سے امیر میں آگیا، بھارت بھی ہم سے آگے نکل گیا، پچھلے 30 سال میں بنگلا دیش بھی ہم سے آگے نکل گیا۔ انہوں نے کہا کہ ایجوکیشن سسٹم میں یکساں تعلیمی نصاب لا رہے ہیں، ہیلتھ کارڈ کے ذریعے کہیں سے بھی علاج کرایا جاسکتا ہے، یہ صرف ہیلتھ کارڈ نہیں پورا ہیلتھ سسٹم ہے۔