اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان ایک روزہ دورے پر کوئٹہ پہنچ گئے، وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال اور چیف سیکرٹری بلوچستان اور دیگر نے وزیر اعظم کا استقبال کیا۔
وزیر اعظم عمران خان کے ہمراہ ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری اور وفاقی وزیر فواد چودھری بھی موجود ہیں ،وزیراعظم اسٹاف کالج میں کورس کے شرکا سے خطاب کریں گے اور زیارت کا دورہ بھی کرینگے۔وزیر اعظم زیارت میں شمالی اضلاع کے لئے مختلف ترقیاتی پیکج کا اعلان کریں گے۔ زیارت میں قائد اعظم ریذیڈنسی کا دورہ بھی وزیراعظم کے شیڈول میں شامل ہے،عمران خان دورے کے موقع پر قبائلی عمائدین سے ملاقات اورخطاب بھی کریں گے۔
اپنے دورے سے قبل وزیراعظم عمران خان نے بلوچستان میں دہشت گرد حملوں کی مذمت کرتے ہوئے شہدا کے لواحقین کے ساتھ اظہار تعزیت کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبے میں امن تباہ کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ دہشت گرد حملوں میں 4 جوان شہید اور 8 زخمی ہوئے، میری دعائیں اور ہمدردیاں شہدا کے اہلخانہ کے ساتھ ہیں۔ واضح رہے کہ گذشتہ روز کوئٹہ اورتربت میں ایف سی پر دہشت گردوں کے حملوں میں4 جوان شہید، 8 زخمی ہو گئے جبکہ جوابی فائرنگ میں پانچ دہشت گرد مارے گئے تھے۔