اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان اور ابوظہبی کے ولی عہد اور متحدہ عرب امارات کی مسلح افواج کے ڈپٹی سپریم کمانڈر شیخ محمد بن زید النہیان نے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ پیر کو وزیراعظم میڈیا آفس سے جاری بیان کے مطابق دونوں رہنمائوں نے ٹیلی فون پر تبادلہ خیال کیا ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے مختلف عالمی فورمز سمیت متحدہ عرب امارات کی طرف سے پاکستان کی بھرپور حمایت اور تعاون کو سراہا۔ وزیراعظم نے افغانستان سے افواج کی واپسی اور سیاسی حل کیلئے افغان دھڑوں کی طرف سے پیشرفت کی اہمیت پر زور دیا۔
دونوں رہنماؤں نے کورونا وبا سے بچاؤ کیلئے ویکسین کی تیاری اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبہ میں تعاون کے فروغ کی کوششوں کا خیر مقدم کیا اور پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کیلئے اعلیٰ سطح رابطوں کا فروغ جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
دونوں رہنماؤں نے قریبی برادرانہ تعلقات کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا اور دو طرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔