سندھ اور پنجاب کیلئے پانی کی کمی صرف 13 فیصد رہ گئی، ترجمان ارسا

Published On 01 June,2021 05:43 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) انڈس ریور سسٹم اتھارٹی (ارسا) کے ترجمان نے کہا ہے کہ صوبہ سندھ اور پنجاب کیلئے پانی کی کمی صرف 13 فیصد رہ گئی ہے۔ دریاؤں میں پانی کی آمد میں 23 ہزار 500 کیوسک کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

ترجمان نے ایک بیان میں بتایا کہ پانی کی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے آج انڈس ریور سسٹم اتھارٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں بتایا گیا کہ دریاؤں میں پانی کی آمد میں اضافے سے یہ 2 لاکھ 52 ہزار 600 کیوسک ہو گئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ تربیلا ڈیم سے پانی کا اخراج 90 ہزار سے بڑھا کر ایک لاکھ کیوسک جبکہ چشمہ بیراج سے پانی کا اخراج ایک لاکھ 10 ہزار کیوسک کر دیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ صوبہ سندھ کا حصہ ایک لاکھ 9 ہزارسے بڑھا کر ایک لاکھ 15 ہزار کیوسک کر دیا گیا ہے۔ سندھ کو بھی 6 ہزار کیوسک اضافی پانی مہیا کیا گیا ہے۔
 

Advertisement