سربراہوں کی بدعنوانی سے ممالک قرض کی دلدل میں دھنس جاتے ہیں،وزیراعظم

Published On 06 June,2021 08:29 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ جب سربراہانِ ریاست وحکومت اور ان کے وزرا بدعنوان ہوں تو ممالک قرض کی دلدل میں دھنس جاتے ہیں اور ان کا دیوالیہ نکل جاتا ہے۔

انہوں نے یہ بات سماجی رابطہ کی ویب سائیٹ ٹوئٹر پر جاری ٹویٹ میں کہی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ جب نچلی سطح کے حکام رشوت لیتے ہیں تو اس سے عام شہریوں کیلئے مسائل پیدا ہوتے ہیں کیونکہ رشوت کا پیسہ ایک طرح سے ان پر محصول کی مانند ہے، مگر جب سربراہانِ ریاست، حکومت اور ان کے وزرا بدعنوان ہوتے ہیں تو ممالک قرض کی دلدل میں دھنس جاتے ہیں اور ان کا دیوالیہ نکل جاتا ہے۔

وزیراعظم نے اپنی ٹویٹ میں امریکی صدر جوبائیڈن کا حالیہ ”میمورنڈم آن ایسٹبلشنگ دی فائیٹ اگینسٹ اینٹی کرپشن از اے کوریونائٹڈ سٹیٹیس نیشنل سیکورٹی انٹرسٹ“ کا اقتباس بھی شئیر کیا ہے جس میں صدر جوبائیڈن نے اپنے سینئر افسران کو اسلوب حکمرانی میں بہتری، ناجائز مالیات کی تمام صورتوں کا مقابلہ کرنے، بدعنوان عناصر اور ان کے سہولت کاروں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے اور کرپشن کے تدارک کیلئے ملکی اور بین الاقوامی اداروں کی استعداد کار میں بہتری کیلئے مختلف ایجنسیوں اور اداروں کا جائزہ عمل اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔

اس یاداشت کے پیراگراف اول میں بتایا گیا ہے کہ ”بدعنوانی عوامی اعتماد کو زنگ آلود، موثر وفعال اسلوب حکمرانی کو اپاہج، منڈیوں کو مسخ اور خدمات کی منصفانہ فراہمی کو متاثر کرتی ہے۔ بدعنوانی سے ترقی کی کوششوں کو نقصان پہنچتا ہے اور قومی کمزوری میں اضافہ ہوتا ہے۔ یہ انتہا پسندی اور نقل مکانی کا ذریعہ بھی ہے، دنیا بھر میں آمرانہ اورمطلق العنان حکمران بدعنوانی کے ذریعہ جمہوریتوں کو کمزوربناتے ہیں۔ جب لیڈرز اپنی قوم اور عوام سے چوری کرتے ہیں تو ایسے میں چند امرا کا طبقہ قانون کی حکمرانی کا مذاق اڑاتے ہیں۔ معیشت کی ترقی کا عمل سست رفتار، عدم مساوات میں اضافہ اور حکومت پر اعتماد میں تیزی سے کمی آتی ہے۔
 

Advertisement