اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ملک میں صرف ایک پولیو کیس کا رپورٹ ہونا اہم کامیابی ہے۔ ہمارا مشن پاکستان کو پولیو سے مکمل نجات دلانا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی صدارت میں قومی ٹاسک فورس برائے انسداد پولیو کا اجلاس ہوا، اجلاس میں گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان، وزرائے اعلی سردار عثمان بزدار، سیّد مراد علی شاہ، محمود خان، خالد خورشید، معاونین خصوصی ڈاکٹر فیصل سلطان، ڈاکٹر شہباز گل نے شرکت کی۔
انجنیئر ان چیف پاکستان آرمی لیفٹننٹ جنرل معظم اعجاز، صوبائی چیف سیکریٹریز، وزارت صحت اور بین الاقوامی اداروں کے نمائندگان بھی شریک ہوئے۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی موثر حکمت عملی کی بدولت اب تک امسال پورے ملک میں بلوچستان سے صرف پولیو کیس رپورٹ ہوا ہے۔ کورونا وباء کی وجہ سے انسداد پولیو مہم سست روی کا شکار ہوئی۔
اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ پنجاب، سندھ اور خیبرپختونخوا کے کئی اضلاع میں ابھی بھی پولیو وائرس کی موجودگی کے شواہد ملے ہیں۔ رسائی، سیکیورٹی اور والدین کے عدم تعاون کی وجوہات کی بنا پر ہر مہم میں کثیر تعداد میں بچے پولیو قطروں سے محروم رہ جاتے ہیں۔ انفارمیشن ٹیکنالوجی کا بھر پور استعمال کیا جا رہا ہے جس میں جغرافیائی انفارمیشن سسٹم اور ٹریکنگ بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
بل وملیینڈا گیٹس فاونڈیشن کے پولیو نگرانی بورڈ کے صدر ڈاکٹر کرس ایلیس نے حکومت پاکستان اور وزیر اعظم کو انسداد پولیو مہم میں اہم سنگ میل عبور کرنے پر خراج تحسین پیش کیا۔ صوبائی وزراء اعلی نے اپنے متعلقہ صوبوں میں انسداد پولیو کے اقدامات کے حوالے سے آگاہ کیا۔
وزیر اعظم عمران خان نے صوبائی حکومتوں اور انسداد پولیو مہم میں شریک تمام شراکت داروں کو خصوصی مبارکباد دی۔
وزیر اعظم نے کہا کہ ملک میں صرف ایک کیس کا رپورٹ ہونا اہم کامیابی ہے تاہم ہمارا مشن پاکستان کو پولیو سے مکمل نجات دلانا ہے۔ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی مربوط اور مشترکہ کوششوں سے ہی پاکستان کو پولیو فری بنایا جا سکتا ہے۔
عمران خان نے کہا کہ کورونا کے دوران ہماری حکومت نے انسانی جانوں کے تحفظ کے ساتھ ساتھ معاشی استحکام کو بھی برقرار رکھا جس کی دنیا معترف ہے۔ اسی جذبے سے ہم نے پولیو کو بھی شکست دینی ہے۔