لاہور: (دنیا نیوز) ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ انسداد پولیو مہم میں زیادہ سے زیادہ بچوں کو قطرے پلانے کا ہدف حاصل کیا جائے گا، پنجاب اور پاکستان کو پولیو فری ملک بنانے میں والدین کا کردار انتہائی اہم ہے۔
صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیر میں بچوں کو قطرے پلا کر پانچ روزہ انسداد پولیو مہم کا آغاز کر دیا۔ اس موقع پر سیکرٹری محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیر سارہ اسلم، ایڈیشنل سیکرٹری سندس ارشاد و دیگر افسران بھی موجود تھے۔
ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ پانچ روزہ انسداد پولیو مہم آج سے 11 جون تک جاری رہے گی، لاہور، گجرات، اوکاڑہ، جھنگ، قصور، ساہیوال اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں موثر انسداد پولیو مہم یقینی بنائی جائے گی، والدین اپنے بچوں کو ہمیشہ کی معذوری سے بچانے کیلئے پولیو کے قطرے لازمی پلائیں۔