کوہستان : (دنیا نیوز) اپرکوہستان کے علاقے پانی باہ میں پیش آنے والے افسوسناک حادثے میں فلائنگ کوچ دریائے سندھ میں جا گری، ایک خاتون جاں بحق 14 تاحال لاپتہ ہیں۔
پولیس کے مطابق گاڑی چلاس کے علاقے تھل پین سے آرہی تھی جو اپرکوہستان کے علاقے پانی باہ کے مقام پر حادثے کا شکار ہو گئی۔ گاڑی دریائے سندھ میں جا گری جس کے نتیجے میں 14 افراد لاپتہ ہو گئے جبکہ ایک خاتون کی لاش مل گئی۔
مقامی ذرائع کے مطابق گاڑی میں ایک ہی خاندان کے افراد سوار تھے جو چلاس سے نقل مکانی کررہے تھے جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ ریسکیو 1122 کے مطابق سرچ آپریشن جاری ہے لیکن پانی کا بہاو تیز ہونے کے باعث آپریشن میں مشکلات درپیش ہیں۔ ترجمان ریسکیو 1122 کاُ کہنا ہے کہ پشاور اور گلگت سے پیشہ ور غوطہ خوروں کو بھی بلایا گیا ہے۔