لاہور: (دنیا نیوز) گورنر پنجاب چودھری سرور نے کہا ہے کہ سیاسی مخالفین صبر کے ساتھ عام انتخابات کا انتظار کریں، آئندہ الیکشن 2023 میں ہی ہوں گے۔
گورنرپنجاب چودھری سرور سے سینئر صوبائی وزیر عبد العلیم خان نے گورنر ہاوس میں ملاقات کی، جس میں سیاسی صورتحال، پنجاب کے معاملات اور دیگر امور پر بات چیت کی گئی۔ اس موقع پرچودھری سرور کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کی الیکٹورل ریفارمز کی مخالفت در حقیقت دھاندلی کی حمایت ہوگی۔
چودھری سرور نے کہا کہ حکومت ہر شعبے میں شفافیات اور میرٹ پر یقین رکھتی ہے، انشاءاللہ اورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کا وعدہ پورا کریں گے، اسلاموفوبیا کے خلاف وزیراعظم عمران خان امت مسلمہ کی ترجمانی کر رہے ہیں۔
سینئر صوبائی وزیر عبد العلیم خان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کے احتجاج سے حکومت کو کوئی خطرہ نہیں، عوام اپوزیشن نہیں حکومتی بیانہ کے ساتھ کھڑی ہے، کسان سمیت تمام طبقات حکومتی پالیسیوں کی تعریف کر رہے ہیں، پہلی بار حکومت اداروں میں اصلاحات لا رہی ہے۔