لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب اسمبلی کے بجٹ اجلاس کے لئے انتظامات کو حتمی شکل دیدی گئی۔ سپیکر اسمبلی چودھری پرویز الہیٰ کے زیر صدارت اجلاس میں اہم فیصلے کر لئے گئے، بجٹ اجلاس کے دوران مہمانوں کے داخلے پر قطعی پابندی ہو گی۔
14 جون سے شروع ہونے والے بجٹ اجلاس کے حوالے سے سپیکر چودھری پرویز الہیٰ کے زیر صدارت اجلاس اسمبلی سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا جس میں سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی نے بجٹ اجلاس کے دوران انتظامات کے حوالے سے بریفنگ دی۔
اجلاس سے خطاب میں چودھری پرویز الہیٰ کا کہنا تھا کہ جس وزیر کے محکمے کی کٹوتی کی تحریک ہو اس کا جواب وزیر خود دے گا۔ بجٹ اجلاس کے دوران کورونا ایس او پیز پر مکمل طور پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔ تمام ارکان اسمبلی اور سٹاف کو ماسک پہننے اور ہینڈ سینی ٹائزر کے استعمال کی ہدایت کر دی گئی ہے۔
سپیکر چودھری پرویز الہیٰ کا کہنا تھا کہ ارکان اسمبلی اور سٹاف کیلئے ویکسی نیشن کا عمل پرانی بلڈنگ میں جاری رہے گا۔ بجٹ اجلاس کے دوران فول پروف سکیورٹی کے انتظامات کو یقینی بنایا جائے۔ سیکیورٹی مہیا کرنے والے اداروں سے تعاون کیا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ اجلاس کے دوران اسمبلی سٹاف، سرکاری افسران اور میڈیا کے نمائندے جاری کردہ تعارفی کارڈ نمایاں طور پر آویزاں رکھیں گے۔ اجلاس میں میڈیا کوریج کے انتظامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔