اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کینیڈین ہم منصب کو فون کرکے پاکستانی نژاد خاندان کے قتل پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسلام مخالف رجحان تشویشناک معاملہ ہے جس سے دنیا بھر کے مسلمانوں میں غم وغصہ پیدا ہو رہا ہے۔
وزیرخارجہ نے کینیڈا کے اپنے ہم منصب مارک گرینیو سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے صوبہ اونٹاریو کے شہر لندن میں گاڑی کے حملے میںپ اکستانی نژاد خاندان کے چار افراد کے قتل کا حوالہ دیا۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ بین الاقوامی برادری اسلام مخالف پروپیگنڈے کے ابھرتے ہوئے رجحان کے خلاف مشترکہ عزم ظاہر کرے اور پرامن بقائے باہمی اور بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دے۔
دوسری جانب کینیڈا میں پاکستان کے ہائی کمشنر رضا بشیر تارڑ نے وزیراعظم عمران خان کے عالمی قیادت کے نام اس مطالبے کو دہرایا ہے کہ اسلام مخالف پراپیگنڈے کیخلاف اجتماعی اقدامات کئے جائیں۔
وہ اوٹاوا میں گزشتہ اتوار کو دہشت گرد حملے میں جاں بحق ہونے والی پاکستانی نژاد کینیڈین فیملی کی یاد میں منعقدہ تعزیتی اور دعائیہ اجلاس سے آن لائن خطاب کر رہے تھے۔
انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ صرف مسلمان ہونے پر بے گناہ افراد کو نشانہ بنانے سے روکنے میں کردار ادا کریں۔