شفاف احتساب چاہتے ہیں،انتقام نہیں، عمران خان کسی کو این آر او نہیں دیں گے: شاہ محمود

Published On 13 June,2021 12:24 pm

ملتان: (دنیا نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ شفاف احتساب چاہتے ہیں، انتقام نہیں، بلاوجہ کسی کی پگڑی اچھالنے کے قائل نہیں، عمران خان کسی کو این آر او نہیں دیں گے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کلبھوشن کا کیس ن لیگ نے خراب کیا، ہم انٹرنیشنل کورٹ آف جسٹس کے حکم پرعمل کر رہے ہیں۔ ملک میں احتساب کےعمل سے جو بھی گزر رہا ہے اسے صفائی کا موقع دیاجائے گا۔ احسن اقبال بیان دینے سے پہلے بجٹ کا مطالعہ کرلیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان امریکہ کوہوائی اڈے فراہم نہیں کر رہا نہ کوئی ایسا ارادہ ہے۔ سعودی حکومت نے کورونا وبا کو سامنے رکھتے ہوئے عازمین حج سے متعلق فیصلہ کیا، حج کیلئے پوری دنیا سےلوگ آتے ہیں۔ کورونا کی مختلف اقسام کے پورے دنیا میں پھیلنے سے بچاؤ کیلئےسعودی وازرت حج نے حج محدود کرنے کا فیصلہ کیا۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پنجاب کے ہر ضلع میں ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی بنائی گئی ہے، ضلع کےممبران ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کے ممبر ہوں گے، ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کا باقاعدگی سے اجلاس ہوگا جس سےعلاقائی مسائل حل ہونگے۔
 

Advertisement