اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان نے بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر کے ضلع بارہ مولہ میں بھارتی قابض فوج کے ہاتھوں مزید تین بے گناہ کشمیریوں کے قتل کی شدید مذمت کی ہے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان زاہد حفیظ چودھری نے ایک بیان میں کہا کہ بھارتی فوج نے کورونا وبا کے باوجود نام نہاد محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں کی آڑ میں ماورائے عدالت قتل کا سلسلہ تیز کر دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ قابض بھارتی فوج رواں برس اب تک پچپن سے زائد کشمیریوں کو شہید کر چکی ہے اور کشمیری نوجوانوں کی اندھا دھند گرفتاریوں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
ترجمان نے کہا کہ پاکستان بھارتی فورسز کی جانب سے کشمیریوں کے ماورائے عدالت قتل کی عالمی سطح پر آزادانہ تحقیقات اور ذمہ داران کو ان کے سنگین جرائم پر سزائیں دینے کے مطالبے کا اعادہ کرتا ہے۔