اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی غیر قانونی اقدامات کی بھرپور مخالفت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی قبضہ کے کسی نئے طریقے کی کوئی قانونی حیثیت نہیں ہوگی۔
دفتر خارجہ کے ترجمان زاہد حفیظ چودھری نے ایک بیان میں کہا ہے کہ پاکستان کو مقبوضہ کشمیر میں آبادی کے تناسب میں تبدیلی کی رپورٹس پر شدید تحفظات ہیں۔ بھارت مقبوضہ کشمیر میں مزید تقسیم سے غیر قانونی قبضہ مستحکم بنانا چاہتا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارتی قبضہ کے کسی نئے طریقے کی کوئی قانونی حیثیت نہیں ہوگی۔
ان کا کہنا تھا کہ ایسےعمل سے کشمیریوں کو غیر قانونی قبضہ قبول کرنے پر مجبور نہیں کیا جا سکتا۔ مقبوضہ کشمیر ایک بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ متنازع علاقہ ہے۔ مقبوضہ کشمیر کی حیثیت اور آبادی کے تناسب میں تبدیلی کی مخالفت جاری رکھیں گے۔