کراچی: (دنیا نیوز) اورنگی اور گجر نالہ کیس میں سپریم کورٹ نے کراچی میں نالوں کی چوڑائی پر کام شروع کرنے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے متاثرین کی معاوضے اور آپریشن روکنے کی درخواست مسترد کرتے ہوئے نالوں پر حکم امتناع بھی کالعدم قرار دے دئیے۔
سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں اورنگی اور گجر نالہ کیس کی سماعت ہوئی۔ دورن سماعت چیف جسٹس گلزار احمد نے ریمارکس دیئے کہ کراچی پر کینیڈا سے حکمرانی کی جا رہی ہے، یونس میمن سندھ کا اصل حکمران ہے، ایڈووکیٹ جنرل صاحب ہم آپ سے بات کر رہے ہیں، آپ لوگ نالے صاف نہیں کرسکتے، صوبہ کیسے چلائیں گے ؟ یہاں گورننس نام کی چیز نہیں ہے۔
جسٹس اعجازالاحسن نے کہا کہ آپ لوگوں نے سروس روڈ پر بلڈنگ تعمیر کر دی۔ وکیل بلڈر نے کہا کہ پل کی تعمیر کے وقت سڑک کا سائز کم کیا گیا تھا۔ جس پر چیف جسٹس گلزار احمد نے کہا کہ شاہراہ فیصل کا سائز کبھی کم نہیں ہوا، آپ نے دونوں اطراف سے سڑک پر قبضہ کیا ہے، پتہ نہیں یہاں کیا ہو رہا ہے ؟ مسلسل قبضے کیے جا رہے ہیں۔