لاہور: (دنیا نیوز) چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس گلزار احمد نے کہا ہے کہ ملک میں قانون کی حکمرانی کو یقینی بنانا ہے، نظام عدل کو مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔
چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس گلزار احمد نے لاہور میں پنجاب جوڈیشل اکیڈمی میں ضلعی عدلیہ کے لیے فوجداری، سول حوالہ جات اور بینچ بک کی تقریب سے خطاب کیا۔
چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس گلزار احمد نے کہا کہ مسلسل ریسرچ کا کوئی متبادل نہیں، ضلعی عدلیہ کے ججز کو تحقیق کرتے رہنا چاہیے۔
چیف جسٹس آف پاکستان نے ضلعی عدلیہ اور ٹربیونلز کی تعداد بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا
جسٹس گلزار احمد نے مزید کہا کہ کورونا وبا کے دوران بھی ججز انصاف فراہم کرتے رہے ہیں۔
چیف جسٹس پاکستان نے کمرشل کورٹس کے قیام پر چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کو مبارکباد دی ۔
چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس قاسم خان نے کہا کہ سمندر پار پاکستانیوں کے کیسز کے جلد فیصلوں سے زرمبادلہ میں اضافہ ہوا، نظام عدل کو بہتر بنانے کے لیے آخر تک جانا ہو گا۔
تقریب کے اختتام پر چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس گلزار احمد اور چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس قاسم خان کو سووینئر پیش کیے گئے، کتب کی تیاری میں معاونت کرنے والے وکلا میں سرٹیفکیٹ تقسیم کیے گئے۔
اس سے قبل چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس گلزار احمد اور چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس قاسم خان نے مصالحتی مرکز میں پہلی کمرشل کورٹ کا افتتاح کیا اور ملک و قوم کی سلامتی کے لیے دعا کی۔