اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کورونا وائرس سے بچاؤ کے حفاظتی ٹیکے لگانے کی افادیت بیان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ویکسینیشن اور ایس او پیز پر عملدرآمد سے وبا پر قابو پایا جا سکتا ہے۔
تفصیل کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے زیر صدارت ملک میں جاری کورونا ویکسی نیشن مہم سے متعلق اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزرا شیخ رشید، اسد عمر، حماد اظہر، اعظم خان سواتی، ڈاکٹر فیصل سلطان، محمد شہزاد ارباب اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران وزیراعظم کو این سی او سی کی طرف سے ویکسینیشن مہم کے اعشاریوں اور آئندہ کے لائحہ عمل پر بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ اس وقت تک ایک کروڑ سے زائد لوگوں کو ویکسین لگائی جا چکی ہے۔ سرکاری اور نجی ادارے اپنے 100 فیصد ملازمین کو ویکسین فراہمی یقینی بنا رہے ہیں۔
بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ ویکسین سینٹرز کی استعداد بڑھانے کے ساتھ موبائل ٹیموں کی تشکیل آخری مراحل میں ہے۔ وزارتِ تعلیم کے تحت سرکاری اور نجی اداروں کے 50 فیصد سے زائد ملازمین کی ویکسینیشن مکمل کر لی گئی ہے۔
اس کے علاوہ ویکسینیشن سینٹرز کی تعداد دوگنا، موبائل ٹیموں کی تعداد 48 سے بڑھا کر 600 کر دی گئی ہے جبکہ سرکاری اور نجی ہسپتالوں کو ویکسینیشن سینٹرز کی فہرست میں شامل کر دیا گیا ہے۔
وزیراعظم نے ویکسنیشن کے لئے اٹھائے گئے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بروقت ویکسینیشن اور ایس او پیز پر عملدرآمد سے وبا پر قابو پایا جا سکتا ہے۔ عوام کا رضا کارانہ طور پر ویکسین لگوانا ایک خوش آئند قدم ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ رضاکارانہ ویکسین لگوانے کی نظیر ترقی یافتہ ممالک میں بھی کم ہی ملتی ہے۔ بھارت جیسی صورتحال سے بچنے کیلئے اداروں اور عوام کو مل کر اقدامات کا نفاذ یقینی بنانا ہے۔