اسلام آباد: (دنیا نیوز) قائد حزب اختلاف قومی اسمبلی شہباز شریف اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے درمیان ملاقات ہوئی، جس میں گزشتہ روز ایوان میں ہونے والی ہنگامہ آرائی کے بعد کی صورتحال پر تبادلہ خیال اور آئندہ کی سیاسی حکمت عملی پر مشاورت کی۔
چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری پارٹی کے دیگر رہنماؤں کے ہمراہ پارلیمنٹ ہاؤس میں اپوزیشن لیڈر کے چیمبر پہنچے جہاں پر قائد حزب اختلاف شہباز شریف سے ملاقات کی، جس میں گزشتہ روز قومی اسمبلی میں پیش آنے والے ناخوشگوار واقعے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس کے بعد میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے کہا کہ گزشتہ روز کے واقعہ سے جگ ہنسائی ہوئی، حکومتی وزراء کا رویہ سب نے دیکھ لیا ہے، بلاول بھٹو اظہار یکہجتی کیلئے آئے، ان کا شکر گزار ہوں، آئندہ کی سیاسی حکمت عملی پر مشاورت کی ہے ، اپوزیشن ملکر عمل درآمد کرے گی۔
اس موقع پر بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ شہباز شریف قائد حذب اختلاف ہیں، اپوزیشن کی نمائندگی کرتے ہیں، ان کے ساتھ جو رویہ اختیار کیا گیا اس سے وزراء کی کیا عزت رہ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میاں شہباز شریف کیساتھ اظہار یکہجتی کے لئے آیا ہوں، آئندہ کی سیاسی حکمت عملی پر مشاورت کی ہے، مل کر عمل کریں گے۔