قومی اسمبلی میں طوفان بدتمیزی، وزیراعظم عمران خان کا اظہار افسوس

Published On 16 June,2021 03:14 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران نے قومی اسمبلی میں طوفان بدتمیزی پر افسوس کا اظہار کیا۔

وزیراعظم عمران خان سے سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے ملاقات کی، جس میں ملک کی سیاسی صورت حال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اسد قیصر نے وزیراعظم سے گزشتہ روز قومی اسمبلی میں پیش آنے والے واقعہ پر بات چیت کی۔ سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ دونوں جانب سے ہنگامہ آرائی کی گئی، کسی سے رعایت نہیں کی جائے گی۔

دوسری جانب قومی اسمبلی کے سپیکر اسد قیصر کی زیر صدارت تحقیقاتی کمیٹی نے ایوان میں 14 اور 15 جون کو بجٹ اجلاس کے دوران ہونے والے ہنگامے اور نعرے بازی کے واقعے کی انکوائری مکمل کرلی، جس کے بعد نازیبا زبان استعمال کرنے والے 7 اراکین کو تاحکم ثانی اسمبلی میں داخلے کی اجازت نہیں ہوگی۔

سپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے جاری کیے گئے نوٹس کے مطابق جن اراکین اسمبلی پر پابندی عائد کی گئی ہے، ان میں علی گوہر خان، چودھری حامد حمید، شیخ روحیل اصغر، فہیم خان، آغا رفیع اللہ، عبدالمجید خان اور علی نواز اعوان شامل ہیں۔

یاد رہے کہ پیر اور منگل کو ہونے والے قومی اسمبلی کے اجلاس میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی تنقید نامکمل رہی تھی۔ دوران تقریر حکومتی اراکین سیٹیاں بجاتے رہے جبکہ اپوزیشن اراکین کی جانب سے بجٹ دستاویزات اچھالی گئیں جو تحریک انصاف کی رکن اسمبلی ملیکہ بخاری کے چہرے کو زخمی بھی کرگئیں۔
 

Advertisement