اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان کی معیشت ناصرف استحکام بلکہ ترقی کی جانب گامزن ہے، موجودہ بجٹ ترقی کا بجٹ ہے، موجودہ بجٹ میں معاشرے کے ہر طبقہ کیلئے امید کی کرن ہے، بجٹ کے اہم نکات کے بارے میں عوام کو بھرپور آگاہی فراہم کی جائے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو اپنے زیر صدارت پارٹی ترجمانوں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق اجلاس میں وفاقی وزرا، معاونین خصوصی، پارٹی رہنما اور ترجمان شریک ہوئے۔
اجلاس میں ملکی صورتحال خصوصاً حکومت کی جانب سے پیش کردہ عوامی ترقیاتی بجٹ، بجٹ میں عوام کو پہنچائے جانے والے ریلیف اور خصوصاً معاشی ترقی کے عمل کو تیز کرنے کے حوالے سے اقدامات زیر غور آئے۔
پارٹی رہنماؤں نے ایک متوازن، عوام دوست اور معاشرے کے ہر طبقے کے لئے مثبت بجٹ پیش کرنے پر وزیرِاعظم اور حکومتی معاشی ٹیم کو مبارکباد دی۔
وزیرِاعظم عمران خان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کورونا کے دور میں جب عالمی سطح پر ہر معیشت کو سخت دھچکا لگا اور معاشی مسائل پیدا ہوئے، وہاں پاکستان نے کامیاب حکمت عملی سے معاشی سفر طے کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ بجٹ ترقی کا بجٹ ہے جس کا مقصد معاشی استحکام کو نہ صرف مزید مستحکم کرنا ہے بلکہ معیشت کے اہم شعبوں زراعت، انڈسٹری، ہائوسنگ وغیرہ جیسے اہم شعبوں کو فروغ دینا ہے۔
وزیرِاعظم نے موجودہ حکومت کے اہم اقدامات کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ کامیاب جوان پروگرام، صحت کارڈ، ٹین بلین ٹری سونامی، سائنس و ٹیکنالوجی کا فروغ، تخفیف غربت اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے جیسے پروگراموں پر خصوصی توجہ دینے کا مقصد ملک کو درپیش چیلنجز پر موثر طریقے سے قابو پانا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت کی بھرپور کوشش رہی ہے کہ موجودہ بجٹ میں معاشرے کے ہر طبقے کے لئے امید کی کرن ثابت ہو۔ وزیرِاعظم نے پارٹی ترجمانوں کو ہدایت کی کہ بجٹ کے نکات کے بارے میں عوام کو بھرپور آگاہی فراہم کریں تاکہ غلط فہمیاں پھیلانے والے عناصر کے عزائم ناکام ہوں۔