اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے ٹریفک پولیس اہلکار قیصر شکیل کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے انہیں وزیراعظم ہائوس بلا کر شاباش دی اور فرض شناسی کی عمدہ مثال قائم کرنے پر انعام کا اعلان کیا۔
پیر کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیرِ اعظم عمران خان نے ٹریفک پولیس اہلکار قیصر شکیل کی حوصلہ افزائی کی ہے۔
ہیڈ کانسٹیبل قیصر شکیل نے دورانِ ڈیوٹی زخمی ہونے کے باوجود اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے ادا کیں۔ قیصر شکیل 9 جون کو زخمی ہوئے اور دو دن کے میڈیکل ریسٹ کے بعد 11 جون کو دوبارہ ڈیوٹی پر واپس آ گئے تھے۔
فرض شناسی کی اس عمدہ مثال پر وزیرِاعظم نے مذکورہ اہلکار کو انعام دینے کا بھی اعلان کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ قیصر شکیل کی فرض شناسی دیگر سرکاری اہلکاروں کے لئے بھی قابل تقلید مثال ہے۔