انقرہ: (دنیا نیوز) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی ترک ہم منصب میولوت چاوش اوغلو کی دعوت پر انطالیہ سفارتی فورم میں شرکت کیلئے ترکی پہنچ گئے ہیں۔
انطالیہ ہوائی اڈے پر ڈپٹی گورنر جنگیز جان ترک، ترکی میں پاکستان کے سفیر سائیرس قاضی اور ترک وزارتِ خارجہ کے اعلیٰ حکام نے وزیر خارجہ کا خیر مقدم کیا۔
وزیر خارجہ "انطالیہ سفارتی فورم" میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے اہم علاقائی اور عالمی امور پر پاکستان کا نکتہ نظر پیش کریں گے۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی انطالیہ فورم میں شرکت کیلئے آئے ہوئے مختلف ممالک کے وزرائے خارجہ اور اہم شخصیات کے ساتھ دو طرفہ ملاقاتیں کریں گے۔
انطالیہ سفارتی فورم کا انعقاد "تخلیقی سفارت کاری، عہد نو، اور نئی طرزِ فکر" کے موضوع پر کیا جا رہا ہے۔
وزیر خارجہ انطالیہ میں مقامی اور بین الاقوامی میڈیا نمائندگان سے گفتگو بھی کریں گے اور خطے کی صورتحال، اہم علاقائی و عالمی موضوعات پر پاکستان کا نکتہ نظر پیش کریں گے۔