اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان نے بھارت کو خبردار کیا ہے کہ وہ مقبوضہ جموں وکشمیر سے متعلق مزید اقدامات سے باز رہے، مزید غیر قانونی اقدامات خطے میں امن واستحکام کو خطرے سے دوچار کر دیں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے جمعرات کو ہفتہ وار بریفنگ کے دوران کہا کہ بھارت مقبوضہ جموں وکشمیر میں اپنے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات پر از سرنو غور کرے اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنائے۔
ترجمان نے کہا کہ پاکستان بھارتی غیر قانونی مقبوضہ جموں وکشمیر کی حیثیت اور آبادی کے ڈھانے میں کسی بھی تبدیلی کی کوششوں کی مخالفت جاری رکھے گا۔ پاکستان کو مقبوضہ کشمیر میں آبادی کے تناسب میں تبدیلیوں، مقبوضہ علاقے کی مزید تقسیم کے حوالے سے بھارتی میکنزم سے متعلق رپورٹس پر سخت تحفظات ہیں۔ پاکستان نے عالمی برادری،اقوام متحدہ،بین الاقوامی انسانی حقوق کی تنظیموں اور گلوبل میڈیا سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس صورتحال کا فوری نوٹس لیں۔
زاہد حفیظ چودھری نے کہا کہ مقبوضہ جموں وکشمیر عالمی سطح پر ایک تسلیم شدہ متنازع علاقہ ہے اور بھارت کے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات بین الاقوامی قوانین اور یو این سلامتی کونسل کے قراردادوں کے سراسر منافی ہیں۔
ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ترجمان نے اس تاثر کو یکسر مسترد کیا کہ بھارتی جاسوس کمانڈر کلبھوشن یادیو کی رہائی کیلئے کوئی قانونی سازی کی جا رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اپنی تمام عالمی زمہ داریوں کی پاسداری کرتا ہے اور یہ قانون کلبھوشن یادیو کے مقدمے میں عالمی عدالت انصاف کے فیصلے کے عین مطابق ہے۔ ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ پاکستان، بھارت سمیت اپنے تمام ہمسایہ ملکوں کیساتھ پر امن تعلقات چاہتا ہے لیکن ہم اس بات پر یقین رکھتے ہیں کہ اس کیلئے بامعنی رابطے ضروی ہیں تاکہ مسلہ کشمیر سمیت تمام تصفی طلب معاملات کو حل کیا جا سکے۔
بھارت یورینیم کی غیر قانونی فروخت کے حوالے سے ترجمان نے کہا کہ نئی دہلی کو اپنے جوہری مواد کی سیکورٹی کو مستحکم کرنے کیلئے موثر اور مناسب اقدامات اٹھانا ہونگے۔
ایف اے ٹی ایف کے حوالے سے ترجمان نے کہا کہ پاکستان عالمی زمہ داریوں کے مطابق منی لانڈرنگ اور دہشت گردوں کی مالی معاونت کی روک تھام کیلئے پرعزم ہے۔