اسلام آباد: (دنیا نیوز) کورونا ویکسین کی عدم دستیابی پر مریم اورنگزیب نے مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے بڑے ویکسین مراکز میں کورونا ویکسین کی عدم دستیابی مجرمانہ غفلت ہے۔
ترجمان پاکستان مسلم لیگ نون مریم اورنگزیب نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اہداف کا واضح تعین کیوں نہیں کیا گیا ؟ پیشگی ویکسین کی فراہمی کا بندوبست کیوں نہیں کیا گیا ؟ عمران خان بتائیں کہ وقت پر ویکسین کیوں نہیں منگوائی، فراہمی میں تعطل کیوں آ رہا ہے ؟ عمران خان آج تک صوبوں کے ساتھ مل کر کورونا سے متعلق قومی حکمت عملی نہیں بناسکے، جو شخص کورونا وبا اور ویکسین پر صوبوں کے ساتھ مل کر نہیں بیٹھ سکتا، وہ ملک کو نااہلی کے سوا کیا دے سکتا ہے؟۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ عمران خان کی کرپشن، نااہلی، بدانتظامی اور بیڈ گورننس کا خمیازہ پاکستان کے عوام بھگت ر ہے ہیں، عمران خان آٹا چینی دوائی کے بعد عوام کی ویکسین بھی کھاگئے، 1200 ارب کورونا ریلیف پیکج بھی عمران مافیا کی جیب میں چلاگیا، عوام کو ویکسین بھی نہ ملی۔