پاکستان کا فائزر ویکسین کی مزید ایک کروڑ 30 لاکھ خوراکوں کا معاہدہ

Published On 20 June,2021 07:58 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان نے فائزر ویکسین کی مزید ایک کروڑ 30 لاکھ خوراکوں کا معاہدہ کر لیا ہے، اگست کے شروع میں ایسٹرا زینیکا ویکسین کی بھی ایک کروڑ 20 لاکھ مزید خوراکیں ملیں گی۔

ذرائع کے مطابق اس سودے کے تحت ویکسین کی پہلی کھیپ جولائی کے آخر تک پاکستان پہنچ جائے گی۔ اس کے علاوہ روسی ویکسین سپوٹنک فائیو کی بھی ایک کروڑ خوراکیں پاکستان پہنچیں گی، جن میں سے 10 لاکھ خوراکوں پر مشتمل پہلی کھیپ آئندہ ماہ کے پہلے ہفتے میں پہنچ جائیگی۔

وزارت صحت کے مطابق پاکستان اگست کے شروع میں ایسٹرازینیکا ویکسین کی بھی ایک کروڑ 20 لاکھ مزید خوراکیں حاصل کرے گا۔

دوسری جانب معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان کے مطابق چینی ویکسین کی 15 لاکھ خوراکیں پیر تک پاکستان پہنچ جائیگی جبکہ 22 اور 23 جون تک چینی ویکسین کی مزید لاکھوں خوراکیں پاکستان پہنچیں گی۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا ویکسین کی قلت، پی آئی اے کا طیارہ 15 لاکھ خوراکیں لیکر اسلام آباد پہنچ گیا

دوسری جانب کورونا ویکسین کی قلت دور کرنے کیلئے 15 لاکھ خوراکیں پاکستان پہنچ گئی ہیں۔ پی آئی اے کا خصوصی طیارہ چین سے ویکسین لیکر اسلام آباد پہنچا۔

این سی او سی کے مطابق سائنو ویک ویکسین صوبوں کو فراہم کی جائے گی، اگلے ہفتے مزید 20 سے 30 لاکھ خوراکوں کی کھیپ پہنچے گی۔ چین نے پاکستان کو ویکسین کی مسلسل سپلائی یقینی بنانے کے لئے خصوصی اقدامات کیے ہیں، ویکسین کو وفاقی اکائیوں تک پہنچانے کے تمام اقدامات کیے گئے ہیں۔

قبل ازیں کورونا ویکسین کی قلت سے شہری پریشان دکھائی دیئے، سندھ بھر میں آج ویکسی نیشن سینٹرز بند ہیں، پنجاب میں ہفتہ وار چھٹی ہے۔ وفاقی وزیر منصوبہ بندی نے اپنے ٹویٹر پیغام میں قوم کو پہلے ہی آگاہ کر دیا تھا کہ 15 لاکھ خوراکیں آج پاکستان پہنچ جائے گی۔ وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کا کہنا تھا کہ گزشتہ ہفتے روزانہ 3 لاکھ 32 ہزار افراد کو ویکسین لگائی گئی، آئندہ ہفتے مزید ریکارڈ بنائیں گے۔
 

Advertisement